اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 7 ارب 60 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دے دی۔
وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر 19 اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ گھی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے رمضان پیکج کا بجٹ بڑھایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ای سی سی نے 7 مختلف اداروں کے لیے تکنیکی گرانٹس کی منظوری بھی دی جب کہ وزیراعظم لوکاسٹ ہاؤسنگ اسکیم کے لیے ڈیڑھ ارب، عالمی بینک کی مدد سے کورونا سے متعلق منصوبے کے لیے بھی گرانٹ منظور کی گئی۔
ای سی سی نے یو این امن مشن میں تعینات عملے کے لیے 33 کروڑ کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی جب کہ کھاد کے دو پلانٹ اگلے 9 ماہ تک چلانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ طورخم سرحد کے ذریعے کپاس کی درآمد کی بھی مشروط اجازت دی گئی ہے۔