ملک بھر میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بین الصوبائی نقل وحرکت پر دو ہفتے کی پابندی لگانے سے متعلق فیصلہ  این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ این سی سی اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے دی جانے والی تجویز پر حتمی فیصلہ جمعرات کو نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر میں کریں گے۔

ایک جاری بیان میں مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے بین الصوبائی نقل و حرکت پر دو ہفتے کی پابندی کی تجویز دی تھی، اسد عمر نے کہا تھا کہ اس معاملے کو این سی او سی کے ایجنڈے میں رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تجویز کو رد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اس وقت کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اتنی شدت نہیں ہے، کورونا سے پنجاب اور خیبر پختونخوا زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بین الصوبائی پابندی سے سندھ سمیت بلوچستان کے عوام کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں ویکسی نیشن کی رفتار کو تیز کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ ویکسی نیشن کے عمل کو ہر عمر کے افراد کے لئے اوپن کرنے کا بھی کہا ہے۔

 

Previous articleوزیراعظم، آرمی چیف نے سعودی تعلقات کی بہتری کیلئےکرداراداکیا،طاہراشرفی
Next articleلاہور: مزنگ ہسپتال میں 350 کورونا ویکسین ضائع، سروسز میں 550 غائب