ملک میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے یا بند کرنے کے حوالے سے فیصلہ آج نیشنل کمانڈآپریشن سینٹر کے اجلاس میں ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی اورتمام صوبوں کے وزرائے تعلیم و صحت شرکت کریں گے۔
اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح اور بالخصوص تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سمیت ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ اجلاس میں وزرائے تعلیم اور صحت تعلیمی اداروں سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کریں گے جس کے بعد تعلیمی اداروں سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ اسکولوں میں کورونا پھیلنے کا بہت خطرہ ہے، وزارت تعلیم کی خواہش ہے کہ اسکول بند نہ کیے جائیں کیونکہ اسکول بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل انسداد کورونا کا ادارہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کورونا کی تیسری لہر پر قابو پانے کے لیے سخت پابندیوں کا اعلان کرچکا ہے۔