ماہ مقدس میں یوٹیلٹی اسٹورز پر شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کیلئے سامان کی سپلائی شروع کر دی گئی۔ رمضان المبارک کے خصوصی ریلیف پیکج سے 19 سے زائد اشیاء سبسڈی کے سبب رعائتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔
رحمتوں اور برکتوں سے بھرے ماہ مقدس میں شہریوں کو سبسڈی اور ریلیف کی فراہمی کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے اقدامات شروع کر دئیے۔ آٹے، چینی، گھی، دالوں، بیسن، کھجوروں اور مشروبات سمیت 19 سے زائد اشیاء پر 10 سے 50 روپے تک کی سبسڈی دی جائے گی۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر خریداری کیلئے آنے والے شہری بھی اشیائے خورونوش کی دستیابی پر خوش دکھائی دیتے ہیں۔
زونل مینیجر یوٹیلٹی اسٹورز کہتے ہیں 35 روزہ خصوصی رمضان ریلیف پیکج کے ذریعے بغیر کسی ہفتہ وار چھٹی کے شہریوں کو سروسز فراہم کی جائیں گی۔ خصوصی رمضان ریلیف پیکج کے دوران شہریوں کو انکے گھر کی دہلیز پر اشیاء و خورونوش کی فراہمی کیلئے 6 موبائل یوٹیلٹی اسٹورز بھی خدمات فراہم کریں گے۔