مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگی بنیادوں پر ملک بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کا عمل شروع کیا جائے۔
یہ بات انہوں نے پارٹی کے ارکان پارلیمان سے ملاقات میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں سنگین بد انتظامی سے قوم کی اجتماعی زندگی خطرے میں ڈال چکی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جامع حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے انتظامی اور حکومتی نظام مکمل طور پر مفلوج اور معطل ہو چکا ہے۔ ویکسین کی شہریوں کو بروقت فراہمی ہوتی تو اس ہلاکت خیز وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کا انتظام بھی افراتفری کا شکار ہے۔ متبادل انتظامات کی غیر موجودگی اور پیشگی تیاری کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔ اس وقت بھی حکومت درپیش حالات کے مطابق اقدامات نہیں کر رہی۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو کورونا وبا کی صورتحال اور اپنے اپنے حلقے میں غریب اور نادار افراد کی خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت کی۔