لاہور میں رمضان المبارک سے قبل ایک ماہ کے دوران مختلف اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو گیا۔
رمضان المبارک سے قبل اشیائے خورونوش مہنگی، گذشتہ ایک ماہ میں خشک اور سبز مصالحوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا، خشک مصالحہ جات کی قیمتیں عوام کی جیب پر بھاری پڑنے لگیں۔ گرم مصالحہ مکس 900 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے کلو کر دیا گیا۔ کالی مرچ 750 روپے سے بڑھ کر 1000 روپے کلو ہو گئی، سرخ مرچ 650 روپے سے مہنگی ہو کر 750 روپے کلو بکنے لگی۔ ہلدی کی قیمت 300 روپے سے 320 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، زیرہ 450 سے مہنگا کر کے 600 روپے کلو کر دیا گیا۔
اجوائن کے دام 180 روپے سے بڑھا کر 220 روپے کلو ہو گئے، دار چینی 1300 سے مہنگی کر کے 1500 روپے کلو کر دی گئی۔ لونگ 1400 روپے سے بڑھا کر 1600 روپے کلو کر دیا گیا۔ دھنیا پاؤڈر کی قیمت 400 روپے سے بڑھا کر 450 روپے کلو کر دی گئی، نمک 10 روپے مہنگا ہو کر 15 روپے کلو ہوگیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے، بڑھتی مہنگائی کو کوئی روکنے والا نہیں۔ سبزمصالحوں کے سرکاری نرخ بھی مقرر کیے گئے مگر ان پر عملدرآمد کہیں نظر نہیں آتا۔
ایک ماہ میں ٹماٹر کی سرکاری قیمت 24 روپے سے بڑھا کر 60 روپے کلو مقرر کر دی گئی لیکن ٹماٹر 80 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ لہسن دیسی کی سرکاری قیمت 150 سے بڑھا کر 160 روپے کلو مقرر کی گئی، فروخت 200 روپے میں ہورہا ہے۔ ادرک کی فی کلو سرکاری قیمت 235 روپے سے بڑھا کر 330 روپے کی گئی مگر فروخت 450 روپے تک کیا جانے لگا۔
لیموں دیسی کی سرکاری قیمت 125 روپے کلو سے بڑھا کر 350 روپے کلو کی گئی لیکن 450 روپے میں بیچا جارہا ہے، سبز مرچ کی قیمت سرکاری نرخ ناموں میں 78 روپے کلو مقرر، فروخت 100 روپے تک ہورہی ہے۔ پیاز کی سرکاری قیمت 24 روپے کلو مقرر لیکن فروخت 40 روپے میں ہورہا ہے، دھنیا 50 روپے فی کلو تک مل رہا ہے۔
صدر مرکزی سبزی منڈی بادامی باغ لاہور محمد اعجاز چودھری نے کہا کہ ماہ رمضان میں شہریوں کی جانب سے اشیا کی ضرورت سے زیادہ خریداری قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ پرچون مارکیٹ ہو یا منڈی، شہری سستے نرخوں پر کوئی بھی شے خریدنے سے قاصر ہیں۔