چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ جوڈیشل کمیشن نے ججز کی خالی آسامیاں پر کرنے کے لیے 13 وکلا کے ناموں کی فہرست منظور کر لی۔ کمیشن نے 10 وکلا اور تین سیشن ججز کو لاہور ہائیکورٹ کا جج بنانے کی منظوری دیتے ہوئے معاملہ پارلیمانی کمیٹی برائے ججز کو ارسال کردیا۔

تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی خالی آسامیاں پر کرنے سے متعلق بڑا بریک تھرو سامنے آیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے آسامیاں پر کرنے سے متعلق 13 ناموں کی فہرست جوڈیشل کمیشن کو ارسال کی تھی جو من وعن منظور کر لی گئی۔

10 وکلا اور تین سیشن ججز کو لاہور ہائیکورٹ کا جج بنانے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ جوڈیشل کمیشن نے بیرسٹر راحیل کامران شیخ، سینئر ایڈووکیٹ انوار حسین، ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب امجد رفیق، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صفدر سلیم شاہد اور ایڈووکیٹ عابد حسین چٹھہ کو لاہور ہائیکورٹ کا جج بنانے کی منظوری دی ہے۔

اسی طرح جوڈیشل کمیشن نے ایڈووکیٹ طارق ندیم، ایڈووکیٹ احمد ندیم ارشد، ایڈووکیٹ علی ضیا باجوہ، ایڈووکیٹ تنویر سلطان، سیشن جج سہیل ناصر، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکیل احمد اور ایڈووکیٹ رضا قریشی کو لاہور ہائیکورٹ کا جج بنانے کی منظوری دے دی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن نے 13 ناموں کی فہرست کی منظوری دیتے ہوئے معاملہ پارلیمانی کمیٹی برائے ججز کو ارسال کر دیا ہے۔

 

Previous articleکینیڈا کی بھارت اور پاکستان سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد
Next articleشہباز شریف کے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت میں پیش