پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ کویت کے ویزے جلد کھلنے والے ہیں، اس بات کا اعلان وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آج اپنی پریس کانفرنس میں کیا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 2011ء سے بندش کا شکار کویتی ویزے جلد کھل جائیں گے۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ عمران خان حکومت کی جانب سے اس خوشخبری بارے عوام کو میں آگاہ کر رہا ہوں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کویتی حکومت کی جانب سے جس دن ان کے ائیرپورٹس کھولنے کا اعلان کر دیا گیا، ویزوں کی بحالی بھی ٹھیک اسی دن سے شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کویت کے ویزے دوبارہ اوپن ہونے سے وہاں روزگار کے سلسلے میں جانے والے پاکستانیوں کی دیرینہ خواہش پوری ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے روزگار کے معاملات کو حل کرنے کیلئے ان کی وزارت کی جانب سے اہم کام کئے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح جمعرات کو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔