پاکستان سپر لیگ سکس کے بقیہ بیس میچوں کے لئے کراچی میں عبداللہ ہارون روڈ پر ایک فائیو اسٹار ہوٹل بک کرالیا گیا ہے جس میں تمام چھ ٹیمیں ،آفیشل اور کمنٹیٹرز قیام کریں گے۔

تین سو سے زائد کمرے ، ہال ،کانفرنس روم اور ریسٹورنٹس سمیت پورا انتظام پی سی بی کے پاس ہوگا۔

ہوٹل کے عملے کو بھی ٹورنامنٹ کے دوران گھر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وہ بھی بایو سیکیور ماحول کا حصہ ہوں گے۔

چند ہفتے قبل جس ہوٹل میں ٹیمیں ٹھہری تھیں اس بار اس ہوٹل کو فہرست سے خارج کردیا گیا ہے کیوں کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے مطابق ہوٹل انتظامیہ بھی مبینہ طور پر بد انتظامی میں ملوث قرار پائی ہے۔

لندن میں وسیم خان غیر ملکی کمپنی سے بایو سیکیور ماحول کے لئے معاہدے کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔

غیر ملکی کمپنی اپنا سسٹم نافذ کرے گی۔ پی سی بی کے لئے سب سے بڑا مسئلہ میڈیا کو اسٹیڈیم کی مین بلڈنگ میں واقع میڈیا سینٹر میں داخلے کی اجازت دینا ہے۔

غیر ملکی کمپنی فیصلہ کرے گی کہ میڈیا کو نیشنل اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں۔

ایک تجویز یہ بھی ہے کہ محدود تعداد میں میڈیا نمائندوں کو مین بلڈنگ سے متصل کارپوریٹ باکسز میں عارضی میڈیا سینٹر بٹھایا جائے۔

پی ایس ایل میں تماشائیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس لئے کارپوریٹ باکسز خالی ہوں گے۔

ریڈیو کے کمنٹیٹرز کے لئے بھی مین بلڈنگ میں داخل ہونا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ جلد پی ایس ایل کونسل کی میٹنگ بلاکر کئی اہم فیصلے کرے گا۔

Previous articleدنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی سر کےنے والے کوہِ پیماؤں نے کامیابی علی سدپارہ کے نام کردی
Next article2021ء میں دنیا کے ارب پتی افراد