چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے چیئرمین پیپلز پارٹی اپنے وفد کے ہمراہ چودھری برادران کیساتھ ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ لیگی قیادت نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومتی اتحادی ہیں۔ وعدوں کی پاسداری نہ کرنا ہمارا شیوہ نہیں ہے۔
تفصیل کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی چودھری برادران کیساتھ ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے پنجاب کی سیاسی ٹیم کے ہمراہ لیگی قیادت کیساتھ ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات میں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہٰی، طارق بشیر چیمہ، مونس الہٰی، سالک حسین اور حسین الہٰی نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال پر مشاورت جبکہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر بھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے بلاول بھٹو زرداری نے چودھری شجاعت حسین سے تعاون مانگا۔ چودھری شجاعت حسین نے نہایت وضع داری سے پارٹی موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے گھر آئے، آپ کی عزت کرتے ہیں، تاہم ہم حکومت کے اتحادی ہیں، سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔