بریسٹ کینسر سے حال ہی میں صحتیاب ہونے والی پاکستان کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے اپنی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔

دو سال کے طویل عرصے بعد اداکارہ کو 3 جولائی کو ٹیک آف کرکے آج کے دن 4 جولائی کو لاہور پہنچنا تھا لیکن نادیہ اپنے ساتھ غلط ڈاکیومنٹس لے گئیں جس کے باعث انہیں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکارہ نے نم آنکھوں کے ساتھ ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام پوسٹ کیا اور  برٹش ائیرویز کی جانب سے اس غلطی کے نتیجے میں غیراخلاقی رویے سے متعلق بتایا۔

نادیہ جمیل نے کیپشن میں بتایا کہ میں 6 بج کر 30 منٹ پر ائیرپورٹ پہنچ گئی تھی اور اب 11 بجے میں ائیرپورٹ پر تنہا ہوں، میں نے اسٹاف کو اپنی طبیعت کے حوالے سے آگاہ کردیا تھا، میں مسلسل مدد کے لیے پکارتی رہی لیکن سب نے نظرانداز کیا، مجھے وہیل چئیر سے اتارنے کے بعد کم از کم مدد کر دیتے۔

نادیہ نے بھیگی آنکھوں سے ویڈیو میں کہا کہ میری وہیل چیئر میں پہیے موجود نا ہونے کے باعث میں اسے خود سے نہیں دھکیل سکتی تھی، یہاں میری مدد کے لیے کوئی نہیں ہے، وہ سب مجھے چھوڑ کر جا چکے ہیں، اب میں کوشش کر رہی ہوں کہ کسی طرح اٹھوں اور اپنا سامان ٹرالی میں رکھ سکوں۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے خود سے باہر جانا ہوگا اور اپنے لیے کوئی ٹیکسی ڈھونڈنی پڑے گی، پیر کو میں پاکستان ہائی کمیشن کے دفتر جاؤں گی۔

نادیہ کی پوسٹ پر کئی صارفین نے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے حق میں آواز اٹھائی۔ سینیئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے ٹوئٹر پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ جو کچھ نادیہ جمیل کے ساتھ ہوا وہ قابلِ قبول نہیں ہے۔

 

Previous articleعلیزے شاہ ٹاپ ٹرینڈ کیوں بنی ہوئی ہیں؟
Next articleکارگل کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان (نشان حیدر) کا آج بائیسواں یوم شہادت